طوفان ، بارش،21ہلاکتیں، کروڑوں کا نقصان

 صوبے بھر میں 113 سے زائد بجلی کے فیڈرز ٹرپ ، اسلام آباد میں متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ، درخت گر گئے 
لاہور میں پانی نکالنے کیلئے واسا مشینری متحرک رہی ، محکمہ موسمیات کی آئندہ24گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی 
لاہور،اسلام آباد،مظفرگڑھ (کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹ)ملک کے مختلف حصوں میں آندھی اور طوفانی بارش کے باعث اموات کی تعداد 21 تک جاپہنچی جبکہ101زخمی ہو گئے، بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچنے سے کروڑوں کا نقصان ہوگیا زیادہ ترعلاقوں میں بجلی بھی معطل رہی۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں بھی تیز ہوا، ڑالہ باری اور شدید بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ مختلف مقامات پر درخت گر گئے۔خیبر پختونخوا میں شدید ہوائوں اور ڑالہ باری نے فصلوں اور بجلی کی ترسیلی لائنوں کو شدید نقصان پہنچایا ، صوبے بھر میں 113 سے زائد بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر گئے، جبکہ پشاور، مردان، خیبر، صوابی، سوات اور ایبٹ آباد کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔زیادہ جانی نقصان پنجاب میں ہوا، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور اور جہلم میں 3،3، سیالکوٹ میں 2 جبکہ شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اٹک، ملتان، راجن پور، حافظ آباد، میانوالی، جھنگ اور لیہ میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی،مظفرگڑھ کے نواحی علاقے لنگرسرائے میں رانا ساجد کی دو بیٹیاں عائشہ اور رمشا جن کی عمریں چار سال اور چھ سال تھیں، گزشتہ شام کو آنے والے شدید طوفان کی زد میں آ کر گھر کے پاس واقع فش فارم میں گر کر ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں،دوروزقبل بھی مظفرگڑھ میں دوہلاکتیں ہوئی تھیں ۔ ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے مطابق جنوبی پنجاب میں بجلی کے گرِڈ متاثر ہونے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔لاہور میں واسا نے نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کیلئے مشینری مکمل طور پر متحرک رہی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ24گھنٹوں میں بھی مزید بارش اور آندھی کی پیش گوئی کرتے ہوئے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔