یوکرین-روس سرحد پر دھماکے میں روسی میڈیا کارکن کی موت

یوکرین-روس سرحد پر دھماکے میں روسی میڈیا کارکن کی موت

روس کے سرکاری ٹی وی چینل ون کی جنگی نامہ نگار اینا پروکوفیوا یوکرین کی سرحد کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں ہلاک ہو گئیں۔

چینل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اینا پروکوفیوا اپنے صحافتی فرائض کی انجام دہی کے دوران زندگی کی بازی ہار گئیں۔ اس دھماکے میں چینل کے کیمرہ مین دمتری وولکوف بھی زخمی ہوئے۔اینّا پروکوفیوا، جن کی عمر 35 سال تھی، 2023 سے یوکرین جنگ کی کوریج کر رہی تھیں اور روسی سرحد کے اندر بیلگوروڈ کے علاقے میں بارودی سرنگ کا نشانہ بنیں۔ ان کا آخری سوشل میڈیا پوسٹ ٹیلیگرام پر منگل کے روز تھا، جس میں وہ فوجی وردی میں ملبوس نظر آ رہی تھیں، اور پوسٹ کے ساتھ طنزیہ انداز میں ملک 404 کا ذکر کیا گیا تھا، جو یوکرین کے حوالے سے روسی عسکری بلاگرز کے استعمال کردہ ایک اصطلاح ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب جنگ کے دوران روسی صحافی جان کی بازی ہارے ہیں۔ اس سے پہلے بھی روس کے ایک اور جنگی نامہ نگار یوکرین کے خارکیف ریجن میں ہلاک ہو چکے تھے۔انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کے مطابق، ماسکو کے یوکرین پر حملے کے آغاز کے بعد سے اب تک 21 صحافی ہلاک ہو چکے ہیں۔