وزیرِ اطلاعات پنجاب، عظمیٰ بخاری نے یوٹیوبر رجب بٹ کے معاملے پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں رنگ برنگے یوٹیوبرز کے بارے میں کچھ علم نہیں ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بھی نہیں معلوم کہ رجب بٹ ملک میں ہیں یا ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں، اور حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ چونکہ ایف آئی آر درج ہو چکی ہے، اس لیے قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔متنازع مواد کی تخلیق اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ان یوٹیوبرز کو فالو نہیں کرتیں، تاہم انہوں نے ہمیشہ ایسے مواد کے خلاف آواز اٹھائی ہے جو ہماری معاشرتی اور اخلاقی اقدار کے منافی ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ رجب بٹ، جو کہ معروف ڈیلی وی لاگر اور یوٹیوبر ہیں، کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں جذبات مجروح کرنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایف آئی آر میں رجب بٹ کی جانب سے نیا پرفیوم متعارف کرانے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔