ہلاک حملہ آوروں کی شناخت کیلئے فنگرپرنٹس نادراکو بھجوادئیے گئے ، سی ٹی ڈی۔اسلحہ وکمیونیکیشن کا فرانزک ہورہاہے:ذرائع
کوئٹہ (خصوصی رپورٹ)محکمہ انسداد دہشتگردی(سی ٹی ڈی )نے جعفر ایکسپریس حملے کے 4 مبینہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ جعفرایکسپریس پردہشت گردحملے کی تحقیقات جاری ہیں اور دیگراداروں کیساتھ مل کرتحقیقات اورحملہ آوروں کی شناخت کررہے ہیں۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق حملے کے 4 مبینہ سہولت کاروں کو حراست میں لیاہے، ہلاک حملہ آوروں کے زیراستعمال اسلحہ وکمیونیکیشن آلات کا فرانزک ہورہاہے۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک حملہ آوروں کی شناخت کیلئے فنگرپرنٹس نادرا کوبھجوائے ہیں جبکہ ہلاک حملہ آوروں کے جسمانی اعضا بھی فرانزک ایجنسی کو بھجوادئیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ کوئٹہ سے پشاور کے لیے جانے والی جعفر ایکسپریس کو بی ایل اے کے دہشت گردوں نے سبی کے قریب یرغمال بنا کر خواتین اور بچوں سمیت مسافروں کو اغوا کر لیا تھا ،پاکستانی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں تمام 33 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ دہشت گردوں نے فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 25 افراد کو شہید کیا تھا۔