فتنہ الہندوستان کیخلاف حالت جنگ میں ہیں: آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹریننگ کالج لاہور میں زیر تربیت پیرا افسران (پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی)، سی ٹی ڈی کارپورلز، لا آفیسرز اور انٹیگریٹڈ کورس مکمل کرنے والے سب انسپکٹرز سے خطاب کیا۔ اس موقع پر کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج لاہور ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ، ایس پی سید محمود الحسن، ٹریننگ انسٹرکٹرز اور دیگر افسران موجود تھے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پاکستان بنیان مرصوص کے بعد آج بھی فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف حالت جنگ میں ہے۔ ہمارا دشمن فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو ملکی سلامتی کے خلاف سپانسر کر رہا ہے۔ سی ٹی ڈی کارپورلز کو دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی خصوصی تربیت دی جا رہی ہے۔ پنجاب حکومت امن و استحکام اور معاشی و معاشرتی ترقی کے لیے فورسز پر بھرپور سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ پولیس ٹریننگ کالج لاہور میں پیرا، سی سی ڈی، نارکوٹکس اور سی ٹی ڈی سمیت مختلف اداروں کو جدید ٹریننگ فراہم کی جا رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہمارے جوان جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں، شرپسند و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور معاونت پر وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری اور کابینہ ارکان کے شکر گزار ہیں۔ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کیلئے بہترین نفری اور جدید ٹریننگ کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ ناجائز تجاوزات، گراں فروشی، منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے پیرا بہترین فورس ثابت ہو گی۔ انٹیگریٹڈ کورس مکمل کرنے والے افسران کے ٹریک ریکارڈ، پیشہ ورانہ کارکردگی اور رپورٹس کا پروموشن میں اہم کردار ہو گا۔ آئی جی پنجاب نے تربیت مکمل کرنے والے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں، چوروں، راہزنوں اور زیادتی کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔ جرائم کی فری رجسٹریشن، سیف سٹی اور ٹیکنالوجی بیسڈ پولیسنگ اینڈ پٹرولنگ کے ذریعے مظلوم کو انصاف فراہم کریں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے زیر تربیت افسران سے گفتگو کے دوران ٹریننگ معیار اور سہولیات بارے آگاہی حاصل کی۔ کمانڈنٹ پی ٹی سی محبوب اسلم للہ نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔