ہیڈ مرالہ میں پہلی بار سمیو بطخ دیکھنے کا اہم موقع، قدرتی مسکن کی بہتری کی تصدیق

ہیڈ مرالہ میں پہلی بار سمیو بطخ دیکھنے کا اہم موقع، قدرتی مسکن کی بہتری کی تصدیق

پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں واقع ہیڈ مرالہ جھیل میں پہلی بار غیر معمولی آبی پرندہ سمیو بطخ دیکھنے کی تصدیق ہوئی ہے۔

یہ پرندہ عموماً یورپ اور شمالی ایشیا کے سرد علاقوں میں پایا جاتا ہے اور موسم سرما میں محدود تعداد میں جنوبی علاقوں کی جانب ہجرت کرتا ہے۔ پاکستان میں اس کی موجودگی شاذ و نادر ہی ریکارڈ کی گئی ہے۔وائلڈلائف رینجرز پنجاب کے مطابق یہ پرندہ ایک وائلڈلائف فوٹوگرافر نے جھیل میں تیرتے ہوئے دیکھا اور تصاویر میں محفوظ کر لیا۔ بعد ازاں ماہرین نے ان تصاویر کی جانچ کے بعد پرندے کی شناخت سمیو بطخ کے طور پر کی۔حکام کے مطابق ہیڈ مرالہ میں اس پرندے کی موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ علاقے میں آبی ماحول اور قدرتی مسکن مہاجر پرندوں کے لیے موزوں ہو رہا ہے، جو وائلڈلائف کے تحفظ سے متعلق اقدامات کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔مزید براں، وائلڈلائف رینجرز پنجاب نے علاقے میں پرندوں کی نگرانی، قدرتی مسکن کے تحفظ، اور غیر قانونی شکار کی روک تھام کے اقدامات مزید مؤثر بنانے کا اعلان کیا ہے تاکہ نایاب اور مہاجر پرندوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔