خون سفید ہوگیا: زمین کے تنازع پر اکلوتے بیٹے نے والدین پر تشدد کر دیا

خون سفید ہوگیا: زمین کے تنازع پر اکلوتے بیٹے نے والدین پر تشدد کر دیا

راولپنڈی کے تھانہ جاتلی کے علاقے گورسیاں میں ایک بیٹے نے زمین کے تنازع پر اپنے ضعیف والدین پر شدید تشدد کیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی، جس کا واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

متاثرہ والدین کا ویڈیو بیان سامنے آیا، جس میں انہوں نے بیٹے کے مظالم کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ویڈیو کے وائرل ہونے پر سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او جاتلی جمال نواز کو ہدایت دی کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے فوری گرفتار کیا جائے۔جاتلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ناخلف بیٹے، محمد اخلاق، کو گرفتار کرلیا۔ متاثرہ خاتون خالدہ نور نے بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر نور حسن اپنے اکلوتے بیٹے کے تشدد کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے نے نہ صرف ان پر تشدد کیا بلکہ ان کے تمام پیسے اور مرحومہ بیٹی کا زیور بھی چھین لیا۔ حتیٰ کہ بیٹے کی بیوی پستول لے کر ان کے سامنے کھڑی رہی۔

خالدہ نور نے بتایا کہ انہیں اور ان کے شوہر کو دو دن تک گھر کے کمرے میں بند رکھا گیا، اور تیسرے دن انہیں گھر سے نکال دیا گیا۔ بیٹے نے دھمکی دی کہ زمین کو اپنی بیوی کے نام کروایا جائے، ورنہ تشدد جاری رہے گا، حالانکہ زمین مسجد کے لیے مختص کی گئی ہے۔ایس پی صدر انعم شیر نے بتایا کہ گرفتار ملزم کو عدالتی کارروائی کے ذریعے قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے اور والدین پر تشدد یا ناروا سلوک افسوسناک ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فوری کارروائی کے بعد والدین کی حفاظت یقینی بنائی گئی اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔