جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما حافظ حمداللّٰہ نے اپنے ایک بیان میں ملک میں جمہوریت کی موجودہ صورتحال پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں مارشل لاء لگائے بغیر خاموش مارشل لاء نافذ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت موجود نہیں، ماضی میں آمر حکمران جمہوریت کا قتل کرتے رہے، لیکن اب ایک نام نہاد جمہوری وزیرِ اعظم جمہوریت کے خاتمے کا سبب بن رہا ہے۔حافظ حمداللّٰہ نے الزام لگایا کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی غیر سیاسی اشرافیہ کے اشاروں پر ہو رہی ہے، اور ایسے قوانین بنائے جا رہے ہیں جن کا مقصد عوام کی آواز دبانا ہے۔ انہوں نے پیکا ایکٹ جیسے قوانین کو میڈیا کی آزادی پر قدغن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے صحافیوں اور آزاد میڈیا کو خاموش کروایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی سیاسی جماعتیں غیر جمہوری اشرافیہ کے ہاتھوں میں کھلونا بن چکی ہیں، اور ان کا کوئی اختیار نہیں رہا۔حافظ حمداللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ عوام کو موجودہ اسمبلیوں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر کوئی اعتماد نہیں ہے، کیونکہ یہ عوامی مینڈیٹ کی اصل ترجمانی نہیں کر رہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت بحال کی جائے اور غیر سیاسی قوتوں کی مداخلت ختم کی جائے تاکہ عوام کے حقیقی نمائندے فیصلے کر سکیں۔