نوکریوں کی بولیاں لگائی جاتی ہیں،وزیرِ اعلیٰ کیساتھ غیر رسمی ملاقات ہوتی ہے، جس میں ہنسنا ہی پڑتا ہے،گورنر کے پی
پشاور(آئی این پی )گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں قائم پی ٹی آئی حکومت میں سب کچھ برائے فروخت ہے۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ٹرانسفر پوسٹنگ فار سیل ہے، کلاس فور سے لے کر تمام نوکریوں کی بولیاں لگائی جاتی ہے، کے پی حکومت نے 20ہزار ملازمین فارغ کیے تاکہ ان پوسٹوں کی بولیاں لگائی جائیں، یونی ورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی نشستوں کی بولیاں لگائی جائیں گی، وائس چانسلرز کی تعیناتیوں کے لیے سرچ کمیٹی نہیں بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن بھی گھر آ جائے تو اس کے ساتھ احترام سے پیش آتا ہوں، وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ کچھ لمحے مشکل سے گزار لیتا ہوں۔گورنر کے پی نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ غیر رسمی ملاقات ہوتی ہے، ملاقات میں ہنسنا ہی پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قاضی انور ہو یا کسی اور کا بیٹا یا بیٹی، میرٹ پر آتے ہیں تو ٹھیک ہے، کسی اور کا حق نہیں مارنا چاہیے، چاہے وہ کسی کمیٹی کا رکن کیوں نہ ہو۔