وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اپنے دو روزہ دورۂ لاہور کے لیے پشاور سے روانہ ہو گئے ہیں۔
روانگی سے قبل وزیراعلیٰ نے دعائے خیر کی۔ ان کے ہمراہ معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان اور صوبائی وزیر مینا خان بھی موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ آج رات لاہور کے لبرٹی چوک میں کارکنوں سے خطاب کریں گے۔دورے کے دوران پنجاب پولیس نے وزیراعلیٰ کے پی کی آمد پر چکری ریسٹ ایریا کو سیل کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے بیرا ریسٹ ایریا پہنچ کر نماز ادا کی اور وہاں سے لاہور کی جانب روانہ ہو گئے۔ چکری کے مقام پر قیام و طعام کے لیے مختص ایریا بند کیے جانے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سخت ردِعمل کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ چکری پر قیام و طعام کے ایریاز سیل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب حکومت خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شروع دن سے کہہ رہے ہیں کہ یہ لوگ عوام کے منتخب نمائندے نہیں، عوامی نمائندوں کا راستہ روکنا دراصل عوام کی آواز دبانے کی ناکام کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنہیں عوام کا سامنا کرنے کا حوصلہ نہ ہو وہی سڑکیں اور سہولتیں بند کرتے ہیں، اقتدار کے سہارے عوامی حقوق سلب کرنا جمہوریت نہیں بلکہ کھلی آمریت ہے۔وزیراعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ عوام اب سب کچھ جان چکے ہیں اور خوف زدہ حکمران بند دروازوں کے پیچھے فیصلے کرتے ہیں، مگر عوامی شعور کو روکا نہیں جا سکتا۔
دوسری جانب معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب پارلیمنٹیرینز کے ہمراہ لاہور کے دورے پر روانہ ہیں، تاہم پنجاب پولیس کی جانب سے چکری کے مقام پر وزیراعلیٰ کا راستہ روکنا افسوسناک عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حسن ابدال اور چکری میں کارکنوں کے شاندار استقبال سے پنجاب حکومت خوفزدہ ہو گئی ہے۔شفیع جان نے الزام عائد کیا کہ پنجاب پر زبردستی مسلط حکومت آمریت کا مظاہرہ کر رہی ہے اور دورے میں رکاوٹیں کھڑی کرنا جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت حوصلہ رکھے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ابھی لاہور پہنچے بھی نہیں اور کارکنوں کا جوش و جذبہ عروج پر ہے، حکومتی ہتھکنڈوں سے ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے۔بعد ازاں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا موٹروے پر بیرا ریسٹ ایریا پہنچ گئے جہاں کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ کارکنان نے نعرے بازی کی اور بیرا ریسٹ ایریا عوامی جوش و خروش کا مرکز بن گیا۔ وزیراعلیٰ نے وہیں نماز جمعہ ادا کی جبکہ بڑی تعداد میں شہری ان کے استقبال کے لیے موجود رہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی دو روزہ دورے پر لاہور آئے ہیں۔ وہ آج پنجاب اسمبلی پہنچیں گے جہاں پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعلیٰ کا لبرٹی چوک سمیت دیگر مقامات پر جانے کا بھی امکان ہے۔دورے کے دوران وزیراعلیٰ ہفتے کے روز لاہور ہائی کورٹ بار میں وکلاء سے خطاب کریں گے۔ وہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی، میاں محمود الرشید، حماد اظہر اور اعجاز چوہدری کے گھروں کا دورہ بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اتوار کے روز لاہور سے واپس روانہ ہوں گے۔