موٹروے ایم-2 پر چکری انٹرچینج کے قریب ایک ٹریفک حادثے میں بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے، جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب چنگان کاروان کا ڈرائیور مبینہ طور پر نیند کی حالت میں گاڑی چلا رہا تھا۔ نیند آنے کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 5 افراد کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 3 افراد کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کر کے فارغ کر دیا گیا۔حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 10 سالہ حارث، 30 سالہ عارف، 7 سالہ وارث عارف، 7 سالہ امامیہ طارق اور 30 سالہ بلال نصیر سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر ریسکیو آپریشن مکمل کیا، زخمیوں کو محفوظ طریقے سے نکالا اور ٹریفک کی روانی کو بحال کرنے میں بھی مدد فراہم کی۔ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کی وجہ ڈرائیور کی غفلت اور نیند کو قرار دیا جا رہا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے ڈرائیوروں کو طویل سفر کے دوران احتیاط اور آرام کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔