تہران: طالبان مخالف افغان پولیس چیف اکرام الدین سری ہلاک، ٹارگٹڈ حملے کا امکان

تہران: طالبان مخالف افغان پولیس چیف اکرام الدین سری ہلاک، ٹارگٹڈ حملے کا امکان

ایران کے دارالحکومت تہران میں طالبان حکومت کے مخالف اور افغانستان کے سابق سکیورٹی کمانڈر و پولیس چیف اکرام الدین سری کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ تہران کی ولیِ عصر اسٹریٹ پر ان کے دفتر سے باہر نکلتے وقت ہوا۔ زخمی حالت میں انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔اکرام الدین سری افغانستان کی سابق حکومت میں اعلیٰ سکیورٹی عہدوں پر فائز رہ چکے تھے، بشمول صوبہ تخار اور بغلان کے پولیس سربراہ۔ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد وہ ان کے سخت ناقد سمجھے جاتے تھے اور مسلسل بیانات کے ذریعے ان کی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہے۔

ایرانی حکام نے واقعے کو ٹارگٹڈ حملہ قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں، لیکن حملہ آوروں کی شناخت ابھی تک سامنے نہیں آئی۔ یاد رہے کہ اس سال ستمبر میں ایران کے شہر مشہد میں بھی طالبان مخالف رہنما اسماعیل خان کے قریبی ساتھی غلامی کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا، جس کے بعد افغان شخصیات کی سکیورٹی پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔