ڈکی بھائی کا سالگرہ پر 10 لاکھ روپے کا چیک ملنے کا دعویٰ

ڈکی بھائی کا سالگرہ پر 10 لاکھ روپے کا چیک ملنے کا دعویٰ

پاکستان کے  یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ایک مداح کی جانب سے سالگرہ کے موقع پر 10 لاکھ روپے کا چیک بطور تحفہ موصول ہوا ہے۔

ڈکی بھائی نے حال ہی میں ایک نیا وی لاگ شیئر کیا، جس میں انہوں نے مبینہ طور پر مداح کی جانب سے بھیجے گئے تحفے کی اَن باکسنگ دکھائی۔ وی لاگ کے مطابق ڈکی بھائی کا کہنا ہے کہ یہ چیک انہیں سالگرہ کے موقع پر ایک چاہنے والے نے ارسال کیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے مختصر ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈکی بھائی ایک باکس کھولتے ہیں، جس میں موجود چیک کی بعض تفصیلات بلر کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق یہ چیک 22 دسمبر 2025 کا ہے، جو عادل زاہد نامی شخص کی جانب سے بھیجا گیا اور اس پر دستخط بھی موجود ہیں۔

ویڈیو میں ڈکی بھائی نے مداح سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یہ تحفہ ان کے لیے انتہائی خاص ہے اور وہ اس پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس رقم کو کیش کروا کر عطیہ کریں گے۔واضح رہے کہ ڈکی بھائی نے حال ہی میں جوئے کی ایپ کی تشہیر کے کیس میں ضمانت پر رہائی کے بعد دوبارہ وی لاگنگ کا آغاز کیا ہے، جس کے بعد ان کی سرگرمیاں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔