کراچی میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ جاری ہے، اور گذشتہ روز کے مقابلے میں درجہ حرارت مزید 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ گر گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، شہر میں تیسرے روز بھی معمول سے تیز سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ہواؤں کی سمت دیہی سندھ کی جانب سے ہے، تاہم آئندہ چند گھنٹوں میں یہ بلوچستان کی جانب منتقل ہونے کی توقع ہے۔کراچی میں صبح کم سے کم درجہ حرارت 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جناح ٹرمینل پر یہ درجہ 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔ دیہی سندھ کے شہر موہنجو داڑو میں درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ اور سکھر میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہواؤں کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، اور دن بھر اس کی رفتار 36 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ سکتی ہے۔موسمیاتی ماہرین نے شہریوں کو سرد ہواؤں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔