صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل میں چار علاقوں کو نشانہ بنایا، کارروائی کا جواب دیں گے:افغان وزارت دفاع
کابل(آئی این پی ) افغانستان نے دعویٰ کیا ہے پاکستان کی جانب سے صوبہ پکتیکا پر فضائی حملوں میں 46 افغان مارے گئے ہیں جبکہ پاکستانی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کارروائی میں اہم کمانڈروں سمیت 42 عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق افغانستان میں طالبان حکومت نے کہا ہے صوبہ پکتیکا میں پاکستان کے فضائی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 46 ہو گئی ہے۔ طالبان کی وزارتِ دفاع نے حملے کا جواب دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا ہے کہ پاکستان نے صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل کے چار علاقوں میں کارروائی کی۔ ان کے بقول "مرنے والوں کی تعداد 46 ہے جس میں سے زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔افغان وزارت دفاع کے بیان میں فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے جارحیت قرار دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا امارات اسلامی اس گھنانے فعل کو نظر انداز نہیں کرے گی بلکہ وہ اپنی سرزمین اور خود مختاری کا دفاع کرنا اپنا حق سمجھتی ہے ۔ پاکستانی ذرائع کا دعوی ہے کہ کارروائی میں اہم کمانڈروں سمیت 42 عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔ منگل کو پاکستان کے سیکیورٹی ذرائع نے پکتیکا میں چار مقامات پر بمباری کی تصدیق کی تھی۔ اگرچہ حکومتِ پاکستان یا فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر نے اس حملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ لیکن سرکاری ذرائع کے مطابق یہ عسکریت پسند سرحد پار سے پاکستان کے اندر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔