ضمنی الیکشن : پی پی امیدواروں کے کاغذات واپس

ن لیگ کیساتھ معاہدے پر عملدرآمد شروع،4 حلقوں میں پی پی امیدوار
 پی پی 98، این اے 143، این اے 175 اور این اے 185 کے حلقے شامل
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک )ضمنی الیکشن کے حوالے سے معاہدہ کے تحت پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔این اے 129 سے پیپلز پارٹی کے امیدواروں چودھری آصف ناگرہ، طاہرہ حبیب جالب اور فرحت نور نے این اے 129 سے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔ پی پی 87 میانوالی سے بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار زبیر حمزہ اور ایاز خان نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔این اے 66وزیر آباد سے اعجاز احمد سمہ اور طاہر اقبال چیمہ نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔ پیپلز پارٹی( ن) لیگ سے انتخابی معاہدے کے تحت پنجاب کے 4 حلقوں سے ضمنی الیکشن میں حصہ لے گی۔پیپلز پارٹی پی پی 98، این اے 143، این اے 175 اور این اے 185 میں اپنے امیدوار اتارے گی،پیپلز پارٹی نے چاروں حلقوں کے لئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں،لاہور سمیت پنجاب کے دیگر حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی ن لیگ کے امیدوار کو سپورٹ کرے گی۔