اسلام آباد کی احتساب عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس ٹو کی سماعت جیل میں ہوئی۔
اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اس موقع پر اہم حکم نامہ جاری کرتے ہوئے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ وکلاء اور فیملی ممبران کو سماعت میں شامل ہونے دیا جائے۔گزشتہ سماعت کے تحریری حکم نامے میں جج نے کہا کہ جن وکلاء کے وکالت نامے عدالت میں جمع ہیں، انہیں جیل کے اندر سماعت میں شریک ہونے کی اجازت دی جائے۔ اسی طرح جیل کے باہر موجود فیملی ممبران کو بھی عدالت میں آنے دیا جائے تاکہ وہ سماعت کا حصہ بن سکیں۔
یہ ہدایات اس وقت جاری کی گئیں جب بانی پی ٹی آئی کے وکیل، بیرسٹر سلمان صفدر نے جیل میں سماعت کے دوران وکلاء اور فیملی ممبران کو روکے جانے پر اعتراض اٹھایا اور عدالت میں اس کے خلاف درخواست دائر کی۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو واضح احکامات جاری کرتے ہوئے درخواست کو نمٹا دیا۔یہ فیصلہ توشہ خانہ کیس ٹو کی کاروائی کو شفاف اور منصفانہ رکھنے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔