آن لائن گیمنگ بل 2025 کا اثر؛ بی سی سی آئی کو 358 کروڑ کا اسپانسرشپ نقصان

آن لائن گیمنگ بل 2025 کا اثر؛ بی سی سی آئی کو 358 کروڑ کا اسپانسرشپ نقصان

بھارتی حکومت کے نئے آن لائن گیمنگ بل 2025 نے کرکٹ بورڈ آف انڈیا (بی سی سی آئی) کو براہِ راست متاثر کیا ہے۔

 بل کے نفاذ کے بعد فینٹسی اسپورٹس کمپنی ڈریم 11 نے اپنے "ریئل منی گیمز" بند کرتے ہوئے کرکٹ ٹیم کی اسپانسر شپ ختم کرنے کا اعلان کر دیا، جس سے بورڈ کو 358 کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔بی سی سی آئی اور ڈریم 11 کے درمیان 2023 سے 2026 تک کا معاہدہ تھا، جس کی مالیت 44 ملین امریکی ڈالر تھی۔ تاہم، حکومت کے فیصلے کے بعد یہ معاہدہ قبل از وقت ختم ہو گیا۔ معاہدے کی شق کے مطابق، سرکاری قانون سازی کی وجہ سے ڈریم 11 پر کوئی جرمانہ عائد نہیں ہوگا۔بی سی سی آئی حکام نے معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔ دوسری جانب، ڈریم 11 نے اپنے بیان میں کہا کہ کمپنی ہمیشہ قوانین کی پاسداری کرتی آئی ہے، اور اگرچہ وہ سمجھتے ہیں کہ زیادہ "ترقی پسند قانون سازی" بہتر رہتی، لیکن وہ بل کا احترام کرتے ہوئے اس پر مکمل عمل درآمد کریں گے۔

ماہرین کے مطابق، ریئل منی گیمنگ پر پابندی بڑی فینٹسی کمپنیز کی 90 فیصد آمدنی کو متاثر کرے گی۔ اس کے اثرات بی سی سی آئی کے ساتھ ساتھ انفرادی کرکٹرز کے اشتہارات پر بھی مرتب ہوں گے۔ اطلاعات ہیں کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ میں بغیر لوگو والی جرسی پہن کر میدان میں اترے گی کیونکہ نیا اسپانسر دستیاب نہیں۔فینٹسی کمپنیز ڈریم 11 اور مائی 11 سرکل مل کر بی سی سی آئی کو سالانہ تقریباً 1000 کروڑ روپے فراہم کرتی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ مائی 11 سرکل اپنے معاہدے کو جاری رکھتی ہے یا نہیں۔ یہ کمپنی اکیلے ہی آئی پی ایل کی اسپانسر شپ کے لیے بی سی سی آئی کو سالانہ 125 کروڑ روپے ادا کرتی ہے۔ادھر، بینکوں نے بھی نئے قانون کے بعد گیمنگ کمپنیز کے ساتھ لین دین روک دیا ہے، جس سے صنعت کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔