غیر مقامی دہشت گردوں کو قابض افواج کے ٹریننگ ایریازاور لائن آف کنٹرول کے ساتھ جنگلات میں خفیہ تربیتی مراکز میں دیکھا گیا‘پشتو اور دری زبانوں میں بات کرتے ہیں
قومی امکان ہے غیر ملکی دہشت گرد یا تو کشمیری مجاہدین کے خلاف استعمال ہونگے یا پاکستان مخالف فالس فلیگ کئے جائیں گے‘عالمی برادری نظر رکھے:پاکستان کا مطالبہ
راولپنڈی (آ ن لائن) انٹیلی جنس ا داروں نے مقبوضہ کشمیر میں را کے مذموم مقاصد بے نقاب کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ مختلف مقامات پر غیر مقامی دہشت گردوں کی موجودگی کے ثبوت ملے ہیں جو ممکنہ طور پر پاکستان اور کشمیریوں کے خلاف استعمال کیے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کہ مقبوضہ کشمیر میں غیر مقامی دہشت گرد بدنام زمانہ را کی پْشت پناہی میں سر گرم ہیں، غیر مقامی دہشت گرد قابض افواج کے اڈّوں اور مورچوں کے پاس آزادانہ گھومتے پھرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر مقامی دہشت گردوں کو قابض افواج کے ٹریننگ ایریاز کے قریب دیکھا گیا ہے، لائن آف کنٹرول کے ساتھ جنگلات میں بھی خفیہ تربیتی مراکز میں غیر مقامی دہشت گردوں کی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹس غیر مقامی دہشت گرد آپس میں پشتو اور دری زبانوں میں بات کرتے ہیں، قوی امکان ہے کہ یہ غیر ملکی کرائے کے قاتل ہیں، غیر ملکی دہشت گرد یا تو کشمیری مجاہدین کے خلاف استعمال ہونگے یا پاکستان مخالف فالس فلیگ کیے جائیں گے۔پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں را کی پاکستان اور کشمیر دشمن حرکات و سکنات پر مبنی خصوصی انٹیلی جنس رپورٹ عالمی برادری کے ساتھ شیئر کر دی، عالمی برادری سے مشکوک کیمپس اور مشکوک غیر ملکیوں پر سوال اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔ پاکستان نے عالمی برادری اور دوست ممالک کو مراسلہ بھیجا ہے کہ عالمی برادری را کے مذموم مقاصد پر نظر رکھے، پاکستان کی انٹیلی جینس ایجنسیوں نے مقبوضہ کشمیر میں قائم خفیہ تربیتی کیمپوں پر خاص نظر رکھنا شروع کر دی۔ رپورٹس کے مطابق مراسلے کا مقصد دنیا کو بھارت کی نئی سازش سے باخبر رکھنا ہے، بھارت کی جانب سے یہ کھیل کشمیری عوام کے حقوق دبانے اور خطے کے امن کو تباہ کرنے کے لیے کھیلا جا رہا ہے۔