پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران عمران خان پر حملے کا گوجرانوالہ میں فیصلہ سنا دیا گیا

پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران عمران خان پر حملے کا گوجرانوالہ میں فیصلہ سنا دیا گیا

گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر حملہ کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی وزیر آباد میں درج مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت میں ہوئی۔ عدالت نے مرکزی ملزم نوید کو معظم کے قتل اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت دو مرتبہ عمر قید اور مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ حملے میں زخمی ہونے والے چار افراد کے حوالے سے ملزم نوید کو 3 سے 5 سال قید کی اضافی سزائیں بھی دی گئیں۔عدالت نے شریک ملزمان طیب جہانگیر بٹ اور وقاص کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔ عمران عباس سپرا ایڈووکیٹ نے بتایا کہ پراسیکیوشن طیب جہانگیر بٹ کے خلاف کوئی گواہ عدالت میں پیش نہیں کر سکی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ملزم نوید کے خلاف تمام سزائیں ایک ساتھ چلیں گی۔ یاد رہے کہ ملزم نوید نے 7 نومبر 2022 کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں فائرنگ کی تھی۔ اس حملے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت کئی مقامی رہنما زخمی ہوئے تھے، جب کہ ایک شہری معظم گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا تھا۔ پولیس نے واقعے کے فوری بعد ملزم نوید کو موقع پر گرفتار کر لیا تھا۔