سکولوں میں 30 ہزار کمروں کی قلت،داخلہ مہم متاثر

محکمہ نے حکومت کو صورتحال سے آگاہ کر دیا ،تعمیر کیلئے فنڈز مانگ لئے
لاہور( ) پنجاب کے سرکاری سکولوں میں 30 ہزار کلاس رومز کی کمی کا انکشاف ہوا ہے جس کی وجہ سے سکولوں میں نئی داخلہ مہم متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ طلبہ کھلے میدان میں پڑھنے پر مجبور ہیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کی دستاویزات کے مطابق صوبے کے 38 ہزار سکولوں میں 30 ہزار نئے کلاس رومز کی فوری ضرورت ہے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے اس صورتحال سے حکومت کو آگاہ کر دیا اور اگلے مالی سال کیلئے کلاس رومز کی تعمیر کیلئے فنڈز بھی مانگ لئے ۔دستاویزات کے مطابق اگر نئے ماڈل کے تحت کلاس رومز بنائے جائیں تو 54 ارب روپے درکار ہوں گے جبکہ پرانے ماڈل کے تحت یہ لاگت 135 ارب روپے تک جا پہنچے گی۔نیا ماڈل سکول مینجمنٹ کونسلز کے ذریعے تعمیرات کا ہے جبکہ پرانے ماڈل میں سی اینڈ ڈبلیو کا استعمال کیا جاتا ہے۔ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو تعلیمی معیار مزید متاثر ہو سکتا ہے حکومت کو اس مسئلے پر فوری توجہ دینا ہوگی۔