اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )ملک میں ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 1.92 فیصد کی کمی ہوئی ہے، مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح منفی3.52فیصد ہوگئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 11 اشیا مہنگی اور 18 سستی ہوئیں جبکہ 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ بجلی کے سہ ماہی چارجز 19.17 فیصد کم ہوئے جبکہ ایک ہفتے میں چکن 11.75، آٹا 5.68 ، لہسن 4.66 فیصد ،کیلے 3.51 ، پیاز 1.93 اورچاول 1.58فیصد سستے ہوئے۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آلو اور انڈے بالترتیب 6.94 اور 0.66 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ نمک ، سگریٹس ، گڑ اور دال مسور کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔یاد رہے کہ مارچ میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 3 دہائیوں کی کم ترین سطح 0.7 فیصد پر آگئی تھی۔ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ میں کہا تھا کہ فروری 2025 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 1.52 فیصد ریکارڈ کی گئی، جولائی تا مارچ اوسط مہنگائی کی شرح 5.25 فیصد رہی، فروری کے مقابلے میں مارچ میں مہنگائی کی شرح میں 0.89 فیصد اضافہ ہوا تھا۔