مدھیہ پردیش، بھارت: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپوری میں بھارتی فضائیہ کے طیارے سے ایک بھاری دھاتی پرزہ گرنے سے ایک رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
واقعے کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ جمعے کی صبح تقریباً 11 بجے پیش آیا، جب ایک دھماکے کی آواز سے علاقہ گونج اٹھا۔ بھارتی طیارے سے گرا دھاتی مواد ایک گھر کی چھت پر گرا، جس سے دو کمرے مکمل طور پر تباہ ہو گئے اور صحن میں 8 سے 10 فٹ گہرا گڑھا بن گیا۔ ملبہ قریبی کھڑی گاڑی پر بھی گرا جسے شدید نقصان پہنچا۔پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھاتی پرزے کے گرنے سے قریبی مکانات بھی لرز اٹھے اور علاقے میں شدید خوف پھیل گیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بھارتی فضائیہ نے واقعے کی فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ طیارے سے پرزہ کیسے گرا اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کیسے ممکن بنایا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ کے طیارے پہلے بھی حادثات اور تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہ چکے ہیں۔ حالیہ واقعہ ان خدشات کو مزید بڑھا رہا ہے کہ حفاظتی اقدامات میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔