پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو شکست دے دی

پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو شکست دے دی

جنوبی افریقا نے اہم فاسٹ بولرز کی غیر موجودگی کے باوجود آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے میں 67 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی۔

ڈربن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے۔میتھیو بریٹزکے نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔ وہ ابتدائی 14 ون ڈے اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی بن گئے۔مارکو جینسن نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75 رنز کی اننگز کھیلی اور بریٹزکے کے ساتھ 107 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔298 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے کپتان مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت شاندار آغاز کیا اور ابتدائی 10 اوورز میں 90 رنز بنا لیے۔

تاہم جنوبی افریقی اسپنرز کی جوڑی کیشو مہاراج اور بیورن فورٹوئین نے میچ کا رخ تبدیل کردیا۔ دونوں بولرز نے مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کرکے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا۔جیرالڈ کوئٹزی، مارکو جینسن اور دیگر جنوبی افریقی بولرز نے بھی اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کیں، جس کے باعث آسٹریلیا کی آخری 9 وکٹیں صرف 101 رنز کے دوران گر گئیں۔ایک موقع پر فتح کے لیے پراعتماد دکھائی دینے والی آسٹریلوی ٹیم 232 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور جنوبی افریقا نے میچ 67 رنز سے جیت لیا۔