آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن معرکہ آج کیرنز کے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
سیریز اس وقت 1-1 سے برابر ہے، جس کے باعث آج کا مقابلہ دونوں ٹیموں کے لیے فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔پہلے ٹی 20 میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 17 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں پروٹیز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 53 رنز سے ہرا دیا تھا۔ سیریز برابر ہونے کے بعد اب دونوں ٹیمیں فیصلہ کن برتری کے لیے میدان میں اتریں گی۔آج کے میچ کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ میں چند اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر جوش اِنگلس اور فاسٹ بولر نیتھن ایلس ٹیم میں واپس آئیں گے، جبکہ انجری کا شکار ہونے والے مچل اوون کی جگہ ایرون ہارڈی کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ اپنے کامیاب بولنگ کمبی نیشن کے ساتھ ہی میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ آسٹریلیا کے بیٹرز پر دباؤ ڈالا جا سکے۔
یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے ایک بڑا امتحان قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ نہ صرف سیریز کا فیصلہ ہوگا بلکہ کھلاڑیوں کو 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل دباؤ والے حالات میں اپنی کارکردگی دکھانے کا موقع بھی ملے گا۔کھیل کے ماہرین کے مطابق کیرنز کی پچ بیٹرز کے لیے سازگار سمجھی جاتی ہے، لیکن شام کے وقت گیند سوئنگ کرنے کا امکان بڑھ جاتا ہے جس سے بولرز کو مدد مل سکتی ہے۔ ایسے میں توقع کی جا رہی ہے کہ آج کا میچ سنسنی خیز ثابت ہوگا اور شائقین کرکٹ کو ایک شاندار مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔