اسلام آباد(آن لائن)وفاقی آئینی عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے کو جیل بھجوانے کی کارروائی روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔ وفاقی آئینی عدالت میں ارچرڈ اسکیم کے پلاٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ مقدمے کو جلد سماعت کے لیے مقرر کر دیتے ہیں، آج ایک فریق کی جانب سے التوا کی استدعا ہے۔ وکیل قاسم چوہان نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کیس ملتوی کرتی ہے تو عملدرآمد کیس کی کارروائی روک دی جائے، عملدرآمد کیس میں چیئرمین سی ڈی اے کو جیل بھجوانے کا شوکاز جاری کر رکھا ہے، 28 کو عملدرآمد کے لیے کیس مقرر ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے مسکراتے ہوئے مکالمہ کیا کہ چیئرمین سی ڈی اے تو اڈیالہ سے بھی کام کر سکتے ہیں، بطور چیئرمین سی ڈی اے جیل سے کام چلایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ عملدرآمد عدالت آئینی عدالت میں زیر التوا کیس کا احترام کرے گی۔ عدالت نے مزید سماعت ملتوی کر دی۔