پنجاب کی 60سے زائد جامعات میں سے بہترین دس کا تعین کیا جائے گا، جامع ریٹنگ میکنزم تیار کیا جائے گا
لاہور (خصوصی رپورٹ )پنجاب حکومت نے صوبے کی جامعات کی درجہ بندی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبے کی ساٹھ سے زائد جامعات میں سے بہترین دس جامعات کا تعین کیا جائے گا۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ صوبائی سطح پر جامعات کی کارکردگی کا باقاعدہ تجزیہ اور درجہ بندی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق جامعات کی درجہ بندی کے لیے 50 ملین روپے کی لاگت سے ایک جامع ریٹنگ میکنزم تیار کیا جائے گا، جس کے لیے منصوبے کا پی سی ون تیار کرلیا گیا ہے جبکہ ابتدائی منظوری کا عمل جاری ہے۔حکومتی حکام کے مطابق یہ درجہ بندی ایک مستقل فیچر ہوگی، جسے ہر سال جامعات کی کارکردگی کی بنیاد پر اپڈیٹ کیا جائے گا۔ اس نظام کے تحت جامعات کو ان کی کارکردگی کے مطابق فنڈنگ فراہم کی جائے گی جبکہ پالیسی سازی میں بھی اسی درجہ بندی کو مدنظر رکھا جائے گا۔محکمہ ہائر ایجوکیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا، مقابلے کی فضا قائم کرنا اور جامعات کو تحقیقی و تعلیمی میدان میں مزید فعال بنانا ہے۔