شہداء کی قربانیوں کا نعم البدل نہیں،عثمان انور ، شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات، کسی کو بھی اسلحے کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی ، سہیل ظفر چٹھہ
لاہور( کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ 27 اضلاع میں سیف سٹی پروگرام شروع کیاجارہا ہے، پنجاب میں جرائم کی شرح واضح طور پر کم ہوگئی ہے۔ لاہور میں ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ صوبے میں 70فیصد جرائم کم ہو گئے ہیں، پولیس نے متحرک گینگز کی گرفتاری کی ہے، سی سی ڈی کو شاباش دیتا ہوں۔ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ جن کی دشمنیاں ہیں وہ صلح کرلیں یا دبئی چلے جائیں، جن کا کرائم ریکارڈ نہیں ہے وہ لائسنس یافتہ اسلحہ رکھ سکتے ہیں، کسی کو بھی اسلحے کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی،سی سی ڈی پنجاب پولیس کے ساتھ مل کر جرائم کی روک تھام کیلئے کام کر رہی ہے، اب پنجاب میں کئی کئی دن ایک بھی گاڑی چھیننے کی واردات نہیں ہوتی۔ سہیل ظفر چٹھہ نے کہا سی سی ڈی کو خاص طور پر کرائم کم کرنے کیلئے بنایا گیا، یہ ہر قسم کے کرائم پر کام نہیں کرتی۔انہوں نے مزید کہا کہ سی سی ڈی، قتل، زیادتی، بھتامافیا اور ایسے کیسز دیکھتی ہے، جن کے گواہ کو قتل کر دیا جائے۔بعد ازاں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نیسنٹرل پولیس آفس لاہور میں ٹی ایل پی کے پرتشدد مظاہروں کے دوران شہادت پانے والے 12 پولیس افسروں کے اہلخانہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ملک میں جب بھی سرمایہ کاری آنے لگتی ہے، مسلح جتھے احتجاج کی آڑ میں انتشار، جلائو گھیرائو اور عوامی و ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے کی کارروائیاں شروع کر دیتے ہیں، ریاست کی رٹ کو ہر حال میں قائم رکھا جائے گا اور پولیس شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس کی لازوال قربانیوں کے اعتراف میں شہداء پیکج کو مزید بہتر بنایا ہے تاکہ شہداء کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر شہید انسپکٹر شہزاد نواز جھمٹ اور 2021ء کے پرتشدد مظاہروں میں شہید کیے گئے 11 پولیس افسروں کے اہلخانہ بھی موجود تھے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہداء پولیس کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں، ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کے لیے گزشتہ پونے تین سال میں فقیدالمثال اقدامات کیے گئے ہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک، ڈی آئی جی ایس پی یو و ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی آپریشنز زاہد نواز مروت اور اے آئی جی ایڈمن اسد اعجاز ملہی بھی موجود تھے۔