سنگین جرائم میں 61 فیصد کمی ،پولیس کا دعویٰ

لاہور(کرائم رپورٹر)سٹی ڈویژن میں سال 2025 کے دوران جرائم کی شرح میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق رواں سال کے دوران سنگین جرائم میں مجموعی طور پر 61 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے، جو کہ پولیس کی مؤثر حکمت عملی اور مسلسل کارروائیوں کا نتیجہ ہے۔سال 2024 کے مقابلے میں سال 2025 کے دوران رابری، ڈکیتی، جھپٹا، موٹر سائیکل سنیچنگ اور چوری جیسی وارداتوں میں مجموعی طور پر 61 فیصد نمایاں کمی ہوئی۔قتل کی وارداتوں میں 42 فیصد، رابری میں 89 فیصد جبکہ اغوا کی وارداتوں میں 67 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ رواں سال کار چھیننے کی کوئی بھی واردات پیش نہیں آئی، جبکہ موٹر سائیکل سنیچنگ میں 62 فیصد اور دیگر گاڑیوں کی سنیچنگ میں 36 فیصد کمی ہوئی۔ موٹر سائیکل چوری میں 51 فیصد اور دیگر گاڑیوں کی چوری میں 36 فیصد کمی دیکھی گئی۔ اسی طرح جھپٹا کی وارداتوں میں 54 فیصد اور ڈکیتی کی وارداتوں میں 57 فیصد کمی واقع ہوئی پولیس نے مفرور اشتہاریوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 4865 اشتہاریوں کو گرفتار کیا، جن میں اے کیٹگری کے 567 اور بی کیٹگری کے 4298 اشتہاری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 1347 عادی مجرمان اور 1279 عدالتی مفرور بھی گرفتار کیے گئے۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 326 جبکہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 433 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ سنگین جرائم میں ملوث 361 گینگز کے 813 ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیاپولیس کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 7 کروڑ 84 لاکھ 74 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ و غیر قانونی سامان برآمد کیا گیا، جس میں 473 موٹر سائیکلیں، 21 دیگر وہیکلز، 441 موبائل فونز، 9 لیپ ٹاپس، طلائی زیورات اور دیگر اشیاء￿  شامل ہیں۔غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1900 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 59 رائفلیں، 2 کلاشنکوف، 50 بندوقیں، 1724 پسٹل، 82 خنجر اور ہزاروں کی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں۔منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 2300 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 1206 کلوگرام چرس، 67 کلو افیون، 252 کلوگرام آئس، 75 کلو ہیروئن، 133 کلو بھنگ اور 16358 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔پتنگ بازی کے خلاف کارروائیوں میں پتنگ ساز و فروشوں سمیت 376 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی پتنگیں، کیمیکل ڈور اور پتنگ سازی کے آلات برآمد ہوئے۔ قمار بازی کے خلاف کارروائیوں میں 1345 ملزمان سے 56 لاکھ 72 ہزار روپے سے زائد داؤ پر لگی رقم برآمد کی گئی۔گداگری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 746 ملزمان گرفتار کیے گئے، جبکہ ون ویلنگ پر 320، ہوائی فائرنگ و اسلحہ کی نمائش پر 76 ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا۔ اس کے علاوہ 81 قحبہ خانوں کے خلاف مقدمات درج کر کے 319 ملزمان کو پابند سلاسل کیا گیاایس پی سٹی بلال احمد نے بتایا کہ مجموعی طور پر 19077 افراد کے خلاف انسدادی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ سفارشی کلچر کے خاتمے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے دفاتر، سرکل افسران اور تھانہ سطح پر روزانہ کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جبکہ عوام سے روابط بڑھانے کے لیے مساجد میں ہر جمعہ کے روز کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں۔