ویڈیو بیان کے بعد بشری بی بی کیخلاف4مقدمات درج

ڈیرہ غازی خان‘راجن پور‘لیہ اور گوجرنوالہ میں ٹیلی گراف اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات 
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے ویڈیو بیان پر ٹیلی گراف ایکٹ 1885 اور دیگر دفعات کے تحت 4 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ بشریٰ بی بی کے خلاف پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان کے تھانہ جمال خان میں شہری غلام یاسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں مدعی نے مؤقف اختیار کیا گیا ہے نجی چینل پر بشریٰ بی بی کا بیان سنا جو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات خراب کرنے کی سازش لگی ہے۔بشریٰ بی بی کے خلاف راجن پور میں بھی ٹیلی گراف ایکٹ 1885 کے تحت تھانہ محمد پور گم والا میں شہری حاکم کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جبکہ ضلع لیہ میں سٹی تھانے میں سہیل اشفاق کی مدعیت ٹیلی گراف ایکٹ129، 1885 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ بشریٰ بی بی کے خلاف گجرانوالہ کے تھانہ صدرمیں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔