مومنہ اقبال اور لیگی ایم پی اے کیس ایف آئی اے کو منتقل

تھانہ چونگ نے کارروائی مکمل کر لی ، معاملہ این سی سی آئی سرکل کے حوالے 
لاہور (کرائم رپورٹر) اداکارہ مومنہ اقبال اور لیگی ایم پی اے کے درمیان مبینہ لڑائی جھگڑے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تھانہ چونگ میں دی گئی درخواست پر پولیس نے ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد معاملہ ایف آئی اے کے این سی سی آئی سرکل کو بھجوا دیا ہے۔تفتیشی افسر کے مطابق مبینہ تنازعہ ٹیلیفونک گفتگو کے ذریعے پیش آیا، جس کے باعث یہ کیس پولیس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ درخواست میں ایسا کوئی ٹھوس قانونی پہلو سامنے نہیں آیا جس پر تھانہ چونگ میں مقدمہ درج کیا جا سکے۔ پولیس حکام نے درخواست داخل دفتر کرتے ہوئے مزید کارروائی کے لیے کیس ایف آئی اے کو ارسال کر دیا ہے۔ حکام نے اداکارہ مومنہ اقبال کو ہدایت کی ہے کہ وہ تھانہ چونگ کے بجائے براہ راست ایف آئی اے سے رابطہ کریں۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ معاملے کا جائزہ لے کر آئندہ قانونی کارروائی کرے گا۔