نان اے سی بسوں کی بندش کیخلاف ٹرانسپورٹرز کا احتجاج

 اے سی کے ساتھ طے شدہ ملاقات کے بائیکاٹ کا بھی اعلان ،کشیدگی برقرار
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور کے لاری اڈا بادامی باغ میں نان اے سی بسوں کی بندش کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے شدید احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ پر اوور چارجنگ کے ''جھوٹے الزامات'' عائد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ نان اے سی بسوں کو اچانک بند کرکے ہزاروں مسافروں اور غریب طبقے کو شدید مشکلات میں دھکیلا جا رہا ہے۔احتجاج کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے مطابق انہیں آخری وقت میں کرایہ نامہ تھما کر قانون کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا جبکہ انتظامیہ کی جانب سے بھاری جرمانوں کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نان اے سی بس ٹرمینل پر زیادہ تر مزدور اور کم آمدن والے افراد سفر کرتے ہیں، اس لیے اس کارروائی سے براہِ راست غریب طبقہ متاثر ہوگا۔ٹرانسپورٹرز نے الزام عائد کیا کہ پرچی اور دیگر معاملات کو بنیاد بنا کر ان کے ساتھ زیادتیاں کی جا رہی ہیں اور مطالبات تسلیم نہ ہونے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔دوسری جانب ٹرانسپورٹرز نے اے سی کے ساتھ طے شدہ ملاقات کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد معاملے میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا امکان ہے۔