تمام پارٹیاں مل کر ایک یا دو سال کے لئے قومی حکومت بنالیں ، ووٹ کو عزت دینا ہوگی :محمود خان اچکزئی
پشین (خصوصی رپورٹ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے ملک بحرانی حالت میں ہے ہمارے اطراف میں جنگیں ہورہی ہیں۔ ایران پر بلا جواز کسی قصور یا نقصان کے امریکہ اور اسرائیلی حملہ آور ہوئے ،پورے عالم اسلام میں سوائے افغانستان کے طالبان حکومت کے کسی نے بھی ایران کی حمایت نہیں کی۔ یہ جلسہ یہ قرار داد پیش کرتا ہے امریکہ اور اس کے ساتھ روس اور اس کے ساتھی افغانستان کے قرضدار ہیں انہیں افغانستان کو بنانا ہوگا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل افغانستان اور پاکستان کے تمام ہمسایوں کو بُلا کر بٹھائیں اور ایک دوسرے کے ممالک میں مداخلت سے انہیں ایک دوسرے سے گارنٹی لیکر دیں ۔ ایران کی جنگ یہاں نہیں رُکے گی یہ اگر خدانخواستہ بڑھتی جائے تو پشتونخوامیپ یہ تجویز کرتی ہے کہ پاکستان کی تمام پارٹیاں مل بیٹھ کر ایک یا دو سال کے لیے ایک قومی حکومت بنالیں پھر یہ قومی حکومت ایک آزاد خودمختاری الیکشن کمیشن بنائیں اور دنیا کی ضمانت پر ایسے انتخابات کا انعقاد کرے جس میں ہر آدمی کو ووٹ کا حق حاصل ہو اور عوام نے جس کو صحیح ووٹ دیئے انہیں حکمرانی کا حق دیا جائے ۔ پاکستان میں پارلیمنٹ طاقت کا سرچشمہ ہو گی ، عدالت اپنے فریم میں آزادی ہوگی ، فوج اور ادارے اپنے دائرہ اختیار کے اندر ہو ، ووٹ کی عزت ہوگی ، الیکشن صاف شفاف ہوں گے یہاں کے مسائل کا حل ایک حقیقی جمہوری حکومت ہے ۔ ہم پاکستان بنانا چاہتے ہیں پاکستان میں جمہوریت کی حاکمیت ، آئین کی بالادستی ہوگی ۔ آئین سب مل کر ایک دوسرے کا ساتھ دیں اور پاکستان کے موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے متفقہ لائحہ عمل طے کریں کیونکہ یہ بحران آسمانی نہیں ہیں یہ بحران انسانوں کے پیدا کردہ ہیں