کراچی: انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جس کے بعد روپے کی قدر میں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جمعرات کو کاروباری روز کے اختتام پر امریکی ڈالر 77 پیسے سستا ہو کر 283.45 روپے پر بند ہوا۔ گزشتہ روز ڈالر کی قیمت 284.22 روپے تھی، جو آج کی کمی کے بعد 284 روپے کی نفسیاتی حد سے نیچے آ گئی۔کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ درآمدات میں کمی، ترسیلات زر میں بہتری اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے مارکیٹ مانیٹرنگ کے باعث روپیہ مستحکم ہو رہا ہے۔معاشی ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر میں یہ کمی وقتی ہو سکتی ہے تاہم اگر بیرونی ادائیگیوں اور قرضوں کے معاملات متوازن رہے تو روپے کی پوزیشن مزید مستحکم ہو سکتی ہے۔