اسلام آباد (آئی این پی )ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کو سنجیدہ مذاکرات کی دعوت دے چکا ہے، بھارت کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ کونسی پالیسی اپناتا ہے،اگر بھارت نے کسی بھی طرح کا ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو ایک بار پھر بھرپور جواب دیا جائے گا، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈا ر آج (جمعہ کو) اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اعلی سطح کے دورے پر امریکا میں ہیں، انہوں نے یو این سیکریٹری جنرل اور صدر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں‘انہوں نے کہا پاکستان پرامن سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے، تمام تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے، پاکستان کا موقف امن، قانون اور اصولوں پر مبنی ہے۔۔ پاکستان بھارت کے کسی بھی ممکنہ حملے کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارت نے کسی ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو اس کا جواب دیا جائے گا۔ پاکستان نے معرکہ حق میں بھی بھر پور جواب دیا ۔ انہوں نے مزید کہا ایران ہمارا قریبی دوست ملک ہے۔ ایرانی صدر کے دورے کا شیڈول ابھی طے کیا جا رہا ہے، جس میں ایران کی صورتحال، علاقائی حالات اور دو طرفہ امور پر گفتگو ہو گی۔