وزیراعلیٰ مریم نواز کی کیتھڈرل چرچ میں کرسمس تقریبات میں شرکت

وزیراعلیٰ مریم نواز کی کیتھڈرل چرچ میں کرسمس تقریبات میں شرکت

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کرسمس کی خوشیوں میں شرکت کے لیے کیتھڈرل چرچ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب میں حصہ لیا اور مسیحی خاندانوں میں کرسمس کیک تقسیم کیے۔

تقریب کے دوران کینیرڈ کالج کی ایک طالبہ نے وائلن پر قومی ترانے کی خوبصورت دھن پیش کی، جس پر مریم نواز نے اسے بلا کر شاباش دی۔ تقریب میں امریکا، برطانیہ اور دیگر ممالک کے سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآنِ مجید اور بائبل سے کیا گیا، جبکہ طالبات نے دلکش روایتی کوائر پرفارمنس پیش کی۔ ننھے بچے سانتا کلاز کا روپ دھار کر تقریب میں خوشیوں کا رنگ بھرتے رہے۔اس موقع پر پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقلیت دوست اقدامات پر خصوصی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔ بشپ الیگزینڈر جان ملک نے مریم نواز کو ان کے عوام دوست اقدامات پر سراہتے ہوئے "دخترِ پنجاب" کا خطاب دیا، جبکہ بشپ آف لاہور ندیم کامران نے تقریب کے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے فرزانہ، شمائلہ نصیر، دانیال مسیح اور طارق مسیح میں "مینارٹی کارڈ" بھی تقسیم کیے، جو اقلیتی برادری کو صوبائی حکومت کی طرف سے فراہم کیے جانے والے خصوصی مراعات کا حصہ ہیں۔مریم نواز نے خطاب میں کہا کہ اقلیتیں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور پنجاب حکومت تعلیم، صحت اور ہر شعبے میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔یہ تقریب نہ صرف کرسمس کی خوشیوں کی عکاس تھی بلکہ اقلیتی برادری کے ساتھ پنجاب حکومت کے دوستانہ اور شمولیتی رویے کا بھی مظہر بنی۔