پی آئی اے کی نیلامی سے 10 نہیں 55 ارب روپے حاصل ہوں گے مشیر نجکاری

 ماضی میں بہت غلطیاں ہوئیں‘ نجکاری سے قومی ایئر لائن کی عظمت رفتہ رفتہ بحال ہو گی‘ سرمایہ کاری آئے گی‘ 10 ارب کیش ملے گا‘ 45 ارب روپے کی حکومتی ایکویٹی ہو گی:محمد علی 
اسلام آباد (آئی این پی) مشیر نجکاری محمد علی کا کہنا ہے کہ نجکاری سے قومی ایئر لائن کی عظمت رفتہ رفتہ بحال ہو گی، پی آئی اے کی  نجکاری سے 10 ارب نہیں 55 ارب روپے حاصل ہوں گے۔ اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا  اداروں کی نجکاری کا عمل 20 سال پہلے شروع ہوا تھا، ماضی میں بہت غلطیاں ہوئیں، نجکاری سے سرمایہ کاری آئے گی۔محمد علی کا کہنا ہے کہ آج قومی ایئر لائن کے صرف 18 جہاز چل رہے ہیں، قومی ایئرلائن کے آپریشنل 18 میں سے 12 طیارے لیز پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک قومی ایئر لائن کے 100 طیارے ہونے چاہیے تھے، قومی ایئرلائن سالانہ 40 لاکھ مسافروں کوسہولت فراہم کرتی ہے۔ قومی ایئر لائن کے لینڈ روٹس سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔مشیر نجکاری کا کہنا ہے کہ یہ سفر پہلی بار 1990 میں شروع ہوا تھا، 2005 میں نجکاری کا عمل باقاعدہ شروع ہوا تھا، قومی ایئر لائن کی نجکاری کے لیے 6 ماہ محنت کی۔ محمد علی نے کہا کہ نجکاری کے عمل میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی رہنمائی حاصل رہی، نجکاری کمیشن کی ٹیم نے بہت محنت کی، حکومت کو نجکاری سے 10 ارب نہیں 55 ارب روپے حاصل ہوں گے، 10 ارب کیش ملے گا جبکہ 45 ارب روپے کی حکومتی ایکویٹی ہو گی۔