اسلام آباد کے ضلع بھر میں 245 گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے 1500 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق، حساس گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں پٹرولنگ پولیس کے خصوصی دستے شامل ہیں جو گرجا گھروں کے ارد گرد گشت کر رہے ہیں۔شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ گرجا گھروں میں داخل ہونے والوں کی باڈی سرچنگ کے لیے پولیس اور رضا کار تعینات ہیں۔حساس گرجا گھروں کی نگرانی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے، اور سپروائزری افسران گرجا گھروں کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
اسلام آباد پولیس نے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی سکواڈز تشکیل دیے ہیں۔ ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کی کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دی جائے گی، اور ٹریفک افسران ان خلاف ورزیوں کے خلاف فوری کارروائی کریں گے۔ تفریحی مقامات کے ارد گرد پٹرولنگ پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹا جا سکے۔