دو سیاسی خاندانوں نے جمہوریت کی بنیادیں کھوکھلی کر دیں:بیرسٹر سیف

دو سیاسی خاندانوں نے جمہوریت کی بنیادیں کھوکھلی کر دیں:بیرسٹر سیف

پشاور: مشیر اطلاعات پختونخوا بیرسٹر سیف نے یوم قائداعظم کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملک میں مسلط دو سیاسی خاندانوں نے جمہوریت کی بنیادوں کو کمزور کیا ہے اور ملک پر اپنی حکمرانی قائم رکھی ہے۔

 انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی جمہوریت اور ملک کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو سراہا، اور کہا کہ قائداعظم نے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں کے ذریعے مسلمانوں کو ایک مقصد دیا۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ قائداعظم نے ایک آزاد ریاست کے قیام کے لیے اپنے اصولوں کو مقدم رکھا، اور ان کی قیادت میں ملک کی ترقی کی راہ ہموار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا خواب ایک ایسی ریاست کا قیام تھا، جہاں تمام شہریوں کو مذہبی، سیاسی اور معاشرتی آزادی حاصل ہو۔

صوبائی مشیر نے یہ بھی کہا کہ آج کا دن ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے قائداعظم کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں اور ثابت قدمی ہی ایک مضبوط پاکستان کی بنیاد ہیں، اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنایا جا سکتا ہے۔