ڈیزل قیمت میں اضافے کی مذمت، 15 روزہ قیمتوں کے نظام کا نفاذ یقینی بنایا جائے:پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز

ڈیزل قیمت میں اضافے کی مذمت، 15 روزہ قیمتوں کے نظام کا نفاذ یقینی بنایا جائے:پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے حالیہ دنوں میں ڈیزل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافے کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر اس سلسلے کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں یہ مسلسل اضافہ صرف ٹرانسپورٹرز اور عوام کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے معاشی نظام کے لیے بھی مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔محمد اویس چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سے زائد ٹیکسز و ڈیوٹیز وصول کر رہی ہے، جس کے باوجود قیمت میں مسلسل اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس پر عائد بھاری ٹیکسز و ڈیوٹیز کا جائزہ لے اور ان میں کمی کرے تاکہ ٹرانسپورٹرز اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اضافہ صرف ٹرانسپورٹرز کا مسئلہ نہیں بلکہ اس کا اثر مال برداری، فریٹ ریٹس، صنعت، تجارت اور عام آدمی پر بھی پڑتا ہے۔ ہر چند دن بعد قیمتوں میں ردوبدل سے کاروباری حالات غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو جاتے ہیں، جس سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔محمد اویس چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کیے گئے تحریری معاہدے کے مطابق، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ ہر 15 روز بعد لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ روزانہ قیمتوں میں ردوبدل کے بجائے 15 روزہ باقاعدہ نظام نافذ کرے تاکہ قیمتوں میں استحکام رہے اور کاروباری طبقہ کو سہولت ملے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں استحکام مہنگائی کم کرنے کے لیے ایک مؤثر پالیسی ہے۔ معیشت کے پہیے کو چلانے والے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مزید بوجھ تلے دبانے کے بجائے، حکومت کو چاہیے کہ وہ ٹرانسپورٹرز اور عوام کو ریلیف دے تاکہ اقتصادی ترقی متاثر نہ ہو۔محمد اویس چوہدری کا یہ موقف ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز کے نمائندہ ادارہ کی جانب سے جاری ایک اہم بیان ہے، جس میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ بند کیا جائے اور قیمتوں کے تعین کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے عوام اور کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کی جائے۔