اپوزیشن حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے تیار
ملک میں سیاسی ماحول پیدا کیا جائے،سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ،موجودہ صورتحال میں ملک کسی نئے بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا،سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اتحاد وقت کی اہم ضرورت :فضل الرحمن اچکزئی، علامہ ناصر عباس،بیرسٹر گوہر
اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،خصوصی رپور ٹ) اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کے اندر متحد ہوکر مشترکہ اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا کا فیصلہ کر لیا۔ متحدہ اپوزیشن کا پہلا باقاعدہ اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا، جس میں اتحاد کی ضرورت، آئندہ کے مشترکہ لائحہ عمل اور حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنمائوں نے اعلان کیا کہ امن و امان، مہنگائی، خارجہ تعلقات اور عوامی مسائل سمیت اہم قومی معاملات پر پارلیمنٹ میں مشترکہ مئوقف اختیار کیا جائے گا۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آج کا دن مبارک ہے، حزب اختلاف کے بنچوں پر بیٹھنے والی جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مشترکہ اپوزیشن کا کردار ادا کریں گی۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال کے باعث آج سب اکٹھے ہوئے ہیں۔ ایک طرف ہماری سرزمین خون سے سرخ ہے اور دوسری طرف حکمران سرخ قالینوں پر چل رہے ہیں۔ امن و امان کی خراب صورتحال نے ملکی معیشت کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔ ملک میں سیاسی ماحول پیدا کیا جائے، قیدیوں کو رہا کیا جائے اور عوام کے مسائل حل کیے جائیں۔انہوں نے صوبوں کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت صوبوں کی تقسیم کا نہیں، تقسیم سے بداعتمادی بڑھے گی۔ اٹھارہویں ترمیم مقتدرہ کے حلق کا کانٹا بنی ہوئی ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں ملک کسی نئے بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ان مطالبات کے لیے آج پہلا قدم اٹھایا گیا ہے اور آج سے سفر کا آغاز ہو رہا ہے۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ گھٹن کے موجودہ ماحول میں اسمبلی میں حزب اختلاف کے ارکان کا متحد ہونا خوشی اور مبارکباد کا دن ہے۔ امید ہے یہ اتحاد پاکستان کی کھوئی ہوئی عظمت واپس دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ غریب روٹی اور روزگار کے لیے رو رہا ہے اور ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ربیع الاول کے مقدس مہینے میں اپوزیشن کا متحد ہونا نیک شگون ہے۔ انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال ہو رہا ہے اور لوگوں کی جان و مال محفوظ نہیں۔پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں کی ملاقات میں اپوزیشن کو متحد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ کے اندر ایک ہی مئوقف اپنائیں گی۔ پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمن کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ صوبوں کے حوالے سے ایک دن میں آئینی ترمیم نہیں کی جا سکتی، اس معاملے پر بھی مشاورت ضروری ہے۔اپوزیشن رہنمائوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ عوامی مسائل کے حل اور سیاسی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔