بھارتی سرکاری ملازم واٹس ایپ پر جعلی شادی کے دعوت نامے کا شکار، 1.9 لاکھ روپے سے محروم

بھارتی سرکاری ملازم واٹس ایپ پر جعلی شادی کے دعوت نامے کا شکار، 1.9 لاکھ روپے سے محروم

بھارت کے مہاراشٹر کے ہنگولی ضلع میں ایک سرکاری ملازم واٹس ایپ کے ذریعے جعلی شادی کے دعوت نامے کا شکار ہو کر تقریباً 1.9 لاکھ روپے سے محروم ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ شخص کو واٹس ایپ پر ایک نامعلوم نمبر سے پیغام موصول ہوا، جس میں 30 اگست 2025 کو ہونے والی شادی میں مدعو کیا گیا تھا۔ پیغام میں لکھا تھا: "خوش آمدید، 30 اگست 2025 کو شادی میں ضرور آئیں، محبت وہ ماسٹر چابی ہے جو خوشی کے دروازے کھولتی ہے۔"پیغام کے ساتھ ایک فائل بھی تھی جو دیکھنے میں پی ڈی ایف لگتی تھی، لیکن حقیقت میں یہ ایک اینڈرائیڈ ایپلیکیشن پیکیج (APK) فائل تھی، جو متاثرہ شخص کے فون کو ہیک کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی تھی۔ متاثرہ شخص نے انجانے میں اس فائل پر کلک کر دیا، جس کے بعد سائبر کرمنلز کو اس کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگئی اور 1,90,000 روپے اس کے اکاؤنٹ سے چوری کر لیے گئے۔

متاثرہ شخص نے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ ہماچل پردیش سائبر پولیس نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ نامعلوم ذرائع سے موصول ہونے والی فائلوں پر کلک نہ کریں اور محتاط رہیں، تاکہ اس قسم کے سائبر فراڈ سے بچا جا سکے۔یہ واقعہ ایک بار پھر صارفین کو سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے حساس ہونے کی ضرورت کی یاد دہانی کراتا ہے، خاص طور پر واٹس ایپ اور دیگر میسجنگ ایپس کے ذریعے موصول ہونے والی غیر مصدقہ فائلوں کے سلسلے میں۔