قبضہ مافیا کو 10 سال قید ڈرافٹ تیار

پنجاب حکومت کا اینٹی لینڈگریبنگ ایکٹ کا ڈرافٹ بنالیا، بھاری جرمانہ اور جھوٹی درخواست دینے پر سزا شامل
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے زمینوں پر قبضہ مافیا کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اینٹی لینڈگریبنگ ایکٹ 2025 کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے۔ ڈرافٹ قانون کابینہ کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ مجوزہ قانون کے تحت ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے جو 90 دن میں قبضے سے متعلق کیسز کا فیصلہ کرے گی۔ زمینوں کے مقدمات کے لیے خصوصی ٹریبونل بنانے کی تجویز بھی شامل ہے۔ مجوزہ قانون میں قبضہ مافیا کے لیے 5 سے 10 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے جبکہ جھوٹی درخواست دینے والوں کے لیے بھی سزا رکھی گئی ہے۔ ٹریبونل فوری طور پر مالک کو زمین کا قبضہ واپس دلا سکے گا۔