فیصل آباد : انتخابی سامان کی ترسیل میں انتظامی غفلت ، تحقیقات کا حکم

 تمام پریزائڈنگ افسران کو انتخابی سامان کے ساتھ سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک پہنچایا گیا تھا
فیصل آباد(آ ئی این پی )صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے فیصل آباد میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے میڈیا رپورٹ کا فوری نوٹس لے لیا ۔میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا تھا کہ انتخابی سامان کی ترسیل میں انتظامی غفلت برتی گئی ہے، جس پر الیکشن کمیشن نے فوری تحقیقات کا حکم دیا ۔فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افیسر اور ریٹرننگ افسران کو میڈیا پر چلنے والی خبر کی تحقیقات کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ترجمان نے کہا کہ تمام انتظامات مکمل طور پر درست تھے اور انتخابی سامان کی ترسیل کی نگرانی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرننگ افسران، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر اور الیکشن کمیشن کے افسران کی زیر نگرانی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ انتخابی سامان کی ترسیل کے لیے خاطر خواہ تعداد میں ٹرانسپورٹ کا بندوبست کیا گیا تھا، اور تمام پریزائڈنگ افسران کو انتخابی سامان کے ساتھ سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک پہنچایا گیا تھا۔ترجمان نے مزید کہا کہ نجی ٹی وی چینل پر چلنے والی خبر سراسر جھوٹ اور پروپیگنڈا پر مبنی تھی۔چینل پر دکھائی جانے والی تصاویر غیر واضح اور حقیقت سے عاری تھیں، جو عوام کو گمراہ کرنے کیلئے نشر کی گئیں۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے میڈیا سے گزارش کی ہے کہ کسی بھی خبر کو بغیر تصدیق کیے نشر نہ کیا جائے اور عوام کی درست آگاہی کیلئے صرف مستند اطلاعات پر انحصار کیا جائے۔