بسنت:غیرقانونی سامان کی ترسیل پر نظر رکھنے کا حکم

 ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز خود فیلڈ میں نکلیں:فیصل کامران
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے رات گئے اور علی الصبح شہر کے مختلف ناکہ جات کے اچانک دورے کیے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے سگیاں ناکہ، راوی پل ناکہ اور محمود بوٹی ناکہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں جاری چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیااس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ڈیوٹی پر موجود افسران و اہلکاروں کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور بہترین رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بسنت کے پیش نظر غیر قانونی سامان کی ترسیل پر کڑی نظر رکھنے کا بھی حکم دیافیصل کامران نے ڈولفن اسکواڈ، پیرو سمیت تمام ٹیموں کو مسلسل گشت جاری رکھنے اور مشکوک گاڑیوں و افراد پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ تمام ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور چوکی انچارج خود فیلڈ میں نکل کر ڈیوٹی کی نگرانی کریں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے سخت سردی اور کڑے حالات میں فرائض انجام دینے والے پولیس جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور لگن قابلِ داد ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے گردونواح میں کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔