میانمار کی فوج نے 700 سے زائد شہری مار ڈالے، اقوام متحدہ رپورٹ

505 افراد جنگی طیاروں، ڈرونز، پیرا موٹرز اور دیگر فضائی حملوں میں مارے گئے
جنیوا(آئی این پی ) اقوام متحدہ نے تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ میانمار کی فوج گزشتہ سال انتخابات کے دوران چھ ماہ کے عرصے میں 700 سے زائد شہریوں کی ہلاکت کی ذمہ دار ہے، فوجی کارروائیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی متاثر ہوئی۔  غیرملکی خبررساں ادارے  کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگست 2025 سے جنوری 2026 تک کے عرصے میں کم از کم 702 شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔ ہلاک ہونے والوں میں 224 خواتین اور 153 بچے شامل تھے۔رپورٹ کے مطابق فضائی حملے شہری ہلاکتوں کی سب سے بڑی وجہ بنے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ کم از کم 505 افراد جنگی طیاروں، ڈرونز، پیرا موٹرز اور دیگر فضائی حملوں میں مارے گئے۔ ان ہلاک شدگان میں 175 خواتین اور 112 بچے بھی شامل تھے