عالمی برادری اسرائیلی اقدامات کا احتساب کرے:او آئی سی

اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی ادارے فوری کردار ادا کریں، غزہ کا محاصرہ  ختم کیا جائے
فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی مظالم کا سلسلہ بند ہونا چا ہئے: وزرائے خارجہ اجلاس کا  اعلامیہ   
استنبول (آئی این پی )او آئی سی نے  اسرائیل کی ایران اور دیگر اسلامی ممالک کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے  عالمی برادری اسرائیلی اقدامات کا احتساب کرے اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی ادارے فوری کردار ادا کریں۔استنبول میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا  ۔ اجلاس   میں مسلم ممالک کو درپیش چیلنجز اور بین الاقوامی امور پر غور کیا گیا۔اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ غزہ کا محاصرہ فوری طور پر ختم کیا جائے اور فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی مظالم کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔او آئی سی نے دو ریاستی حل کو مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے عالمی کانفرنس کا انعقاد ناگزیر ہے، جو سعودی عرب اور فرانس کی میزبانی میں جلد متوقع ہے۔اعلامیے میں جنوبی ایشیا کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، خصوصا کشمیر اور پاکستان میں بھارتی یکطرفہ فوجی کارروائیوں کی مذمت کی گئی۔ او آئی سی نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں سیز فائر کا تسلسل برقرار رکھا جائے تاکہ خطے میں امن اور استحکام ممکن ہو سکے۔