اسلام آباد کے 6 ججزکو ایوارڈ کیلئے نامزد کردیا گیا

کل25 جولائی کو سپریم کورٹ میں نیشنل کانفرنس پر یہ ایوارڈ دئیے جائیں گے 
 سیشن جج ناصر جاوید رانا، جوڈیشل مجسٹریٹ ویسٹ میاں اظہر ندیم کے نام شامل ہیں
نامزد ججز کو لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا جائے گا
اسلام آباد (آئی این پی )ضلعی عدلیہ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ججز کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضلعی عدلیہ سے 6 ججز کو ایوارڈ کے لیے نامزد کر دیا ہے، چیف جسٹس نے ہر کیٹگری سے ایک جج کو بہترین کارکردگی دکھانے پر نامزد کیا، جن میں دو خواتین ججز بھی شامل ہیں۔کل25 جولائی کو سپریم کورٹ میں عدلیہ سے متعلق نیشنل کانفرنس کے موقع پر یہ ایوارڈ دئیے جائیں گے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد سے ایوارڈ کیلئے  نامزد ہونے والوں میں سیشن جج ویسٹ ناصر جاوید رانا، جوڈیشل مجسٹریٹ ویسٹ میاں اظہر ندیم کے نام شامل ہیں۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد سہیل، سینئر سول جج مبشر حسن، سول جج ایسٹ عائشہ شبیر، اور سینئر سول جج فیملی کورٹ صنم بخاری کے نام بھی ایوارڈ کے لیے شامل کیے گئے ہیں۔نامزد ججز کو لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا جائے گا، واضح رہے کہ ملک بھر کی ضلعی عدلیہ سے بہترین کاکردگی دکھانے والے ججز کے نام لا اینڈ جسٹس کمیشن نے طلب کر رکھے ہیں۔