احمد آباد سے لندن جانے والی ائیر انڈیا کی پرواز حادثے کا شکار ہونے کے بعد بھارت کی جانب سے جاں بحق افراد کی شناخت میں سنگین غفلت سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں برطانیہ میں کئی متاثرہ خاندانوں کو ان کے پیاروں کی جگہ اجنبی افراد کی لاشیں یا باقیات موصول ہو گئیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد بھارت میں جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل انتہائی ناقص انداز میں کیا گیا۔ تابوت جب برطانیہ پہنچے تو کئی خاندانوں نے دعویٰ کیا کہ تابوت میں موجود لاشیں ان کے عزیزوں کی نہیں تھیں۔متاثرہ شہری "متن پٹیل" نے بتایا کہ اُسے اپنی والدہ کی لاش کے بجائے کسی اور شخص کی باقیات دی گئیں۔ متن کے مطابق اس کے والد اور والدہ دونوں حادثے میں جاں بحق ہوئے تھے، مگر تابوت کھولنے پر وہ ششدر رہ گیا۔برطانیہ اور بھارت دونوں میں اعلیٰ سطح پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ لاشوں کی شناخت میں اتنی بڑی غلطی کیسے ہوئی۔ ائیر انڈیا اور متعلقہ حکام سے اس معاملے پر شدید عوامی اور قانونی ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
یاد رہے کہ یہ ہولناک حادثہ 12 جون کو پیش آیا، جب احمد آباد سے لندن جانے والی ائیر انڈیا کی پرواز ٹیک آف کے چند لمحوں بعد ہی فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گئی تھی۔ طیارے میں 242 افراد سوار تھے، جن میں سے 241 جاں بحق ہو گئے تھے۔ 53 جاں بحق افراد کا تعلق برطانیہ سے تھا، جبکہ طیارہ گرنے کے بعد ایک میڈیکل کالج کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا، جس میں مزید 19 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ حیران کن طور پر صرف ایک مسافر، جو سیٹ 11-اے پر بیٹھا تھا، زندہ بچ سکا۔