سابق امریکی اداکارہ ڈائمنڈ ٹینکرڈ پر حملہ اور چوری کا الزام، 25 ہزار ڈالر میں ضمانت پر رہا

سابق امریکی اداکارہ ڈائمنڈ ٹینکرڈ پر حملہ اور چوری کا الزام، 25 ہزار ڈالر میں ضمانت پر رہا

ویب ڈیسک: امریکی ریئلٹی شو "تھکر دین واٹر" (Thicker Than Water) سے شہرت حاصل کرنے والی سابق اداکارہ ڈائمنڈ ٹینکرڈ کو امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر اینٹی اوک کے ایک وال مارٹ اسٹور میں خاتون پر حملہ اور قیمتی اشیاء چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 21 سالہ ڈائمنڈ ٹینکرڈ نے سیلف چیک آؤٹ لائن پر موجود ایک خاتون کو اچانک پیچھے سے بالوں سے پکڑا اور وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران ٹینکرڈ نے ایک پتھر سے بھری ہوئی جراب سے متاثرہ خاتون کے چہرے پر حملہ کیا، جس کی ویڈیو سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھی گئی۔حملے کے وقت ٹینکرڈ ایڑھی والی مانیٹرنگ ڈیوائس بھی پہن رکھی تھیں، جو ممکنہ طور پر ان کی کسی پچھلی قانونی خلاف ورزی کی نشاندہی کرتی ہے۔ متاثرہ خاتون شدید زخمی ہو کر لہولہان ہو گئی اور اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

قیمتی سامان بھی چرا لیا
واقعے کے بعد ڈائمنڈ ٹینکرڈ پر الزام ہے کہ انہوں نے خاتون کا آئی فون 14 (تخمینہ مالیت: 1500 ڈالر) اور لوئی وٹون ہینڈ بیگ (تخمینہ مالیت: 900 ڈالر) بھی چرا لیا۔ سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہو چکی ہے، جس پر صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

عدالتی کارروائی اور سابقہ الزامات
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی نے ٹینکرڈ پر خطرناک ہتھیار سے حملہ اور چوری کے الزامات عائد کیے ہیں۔ ٹینکرڈ کو 25 ہزار ڈالر کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کر دیا گیا ہے۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ دسمبر 2023 میں بھی ڈائمنڈ ٹینکرڈ پر قتل کی کوشش اور حادثے کے بعد فرار ہونے جیسے سنگین الزامات لگ چکے ہیں۔ ان کے خلاف موجودہ کیس کی عدالت میں اگلی پیشی 22 اگست کو متوقع ہے۔